بنگلورو،4/فروری(ایس او نیوز) شہر کی ایک صحافی جو راستہ چلتے ہوئے ایک ٹوٹے ہوئے فٹ پاتھ پر ٹھوکر لگ کر گرنے اور اپنا گھٹنا بری طرح سے زخمی کر لینے کے بعد بروہت بنگلورو مہا نگرا پالیکے (بی بی ایم پی) کو اس تعلق سے خط لکھنے اور اپنی تکلیف سے اسے واقف کرانے کے لئے سوشیل میڈیا کا سہارا لیا ہے۔اپنے مکتوب میں مانسی پاریش کمار نے بی بی ایم پی سے کہا ہے کہ ”مجھے اپنی پوری زندگی میں کبھی بھی وھیل چیر استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑی تھی، مگر اب آپ (بی بی ایم پی)کی شکر گزار ہوں کہ مجھے اس کا تجربہ حاصل کرنے کا موقع مل گیا ہے“۔اپنے سوشیل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ یہ واقعہ پچھلی جمعہ کی رات پیش آیا تھا جب وہ تقریباً 1-30 بجے کے قریب ڈوملور میں واقع ایمپائر ریستوران گئی تھیں، ان کا کہنا ہے کہ اس پوری سڑک پر کھدائی کی گئی ہے اور سڑکوں پر مناسب روشنی بھی نہیں ہے، خود رستوران نے بھی اپنی عمارت کے سامنے والی روشنی کی بتیاں گل کر رکھی تھی، اس لئے کہ قریب میں پولیس والے تھے جو دکانوں کو بند کرا رہے تھے۔واضح رہے کہ شہری رضاکار بار بار شہر کے مختلف مقامات پر موجود فٹ پاتھوں کی بد حالی سے متعلق شکایت کرتے رہے ہیں اور بار بار کی شکایتوں کے باوجود اکثر مقامات پر فٹ پاتھ اب بھی انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں۔